اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) وزیرِ مملکت برائے شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ 5 جی اسپیکٹرم کے ذریعے پاکستان ٹیکنالوجی کے نئے اور وسیع میدان میں داخل ہو رہا ہے۔
پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کے زیرِ اہتمام 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے دروازے کھل گئے ہیں، معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور آج ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ ہے، اور اب زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی اشد ضرورت ہے۔ شزا فاطمہ نے مزید کہا کہ انڈسٹری کی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا وقت آ گیا ہے، اور اس سے ملکی معیشت اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اس نیلامی کے بعد ملک میں 5 جی ٹیکنالوجی کی آمد سے نہ صرف ڈیجیٹل انفراسٹرکچر مضبوط ہوگا بلکہ تعلیم، صحت، اور کاروباری شعبوں میں بھی جدید سہولیات کی فراہمی ممکن ہو گی۔


