اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر امریکا نے پاکستان میں تعینات اپنے غیر ہنگامی سفارتی عملے کو واپس بلانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق لاہور اور کراچی میں قائم امریکی قونصل خانوں کے غیر ضروری اور غیر ہنگامی عملے کو فوری طور پر پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔ تاہم اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی موجودہ حیثیت اور معمول کی سرگرمیوں میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔
امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث خطے میں ڈرون اور میزائل حملوں کے خدشات موجود ہیں، جس کے تناظر میں یہ احتیاطی اقدام اٹھایا گیا ہے تاکہ سفارتی عملے کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور سیکیورٹی حالات کے مطابق مزید فیصلے بھی کیے جا سکتے ہیں۔ امریکی شہریوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقامی حالات پر نظر رکھیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔


