اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کے تناظر میں سائبر حملوں کے خدشات میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ نیشنل سرٹ ایمرجنسی ریسپانس ٹیم نے اس حوالے سے نئی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے حساس اور اہم اداروں کو فوری حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق ممکنہ سائبر حملوں کا ہدف حکومتی، دفاعی اور مالیاتی ادارے بن سکتے ہیں، جبکہ سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بھی ہیک کیے جانے کا خطرہ موجود ہے۔ نیشنل سرٹ نے خبردار کیا ہے کہ دشمن عناصر کی جانب سے ڈیپ فیکس، اسپیئر فشنگ اور ڈی ڈی او ایس (DDoS) حملوں کے ذریعے نظام کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔
نیشنل سرٹ کا کہنا ہے کہ حساس ادارے اپنے آئی ٹی سسٹمز کی سیکیورٹی فوری طور پر اپ ڈیٹ کریں، مشتبہ ای میلز اور لنکس سے گریز کیا جائے اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اضافی سیکیورٹی فیچرز فعال کیے جائیں۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی مشتبہ سائبر سرگرمی کی فوری رپورٹنگ یقینی بنائی جائے تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔ نیشنل سرٹ کے مطابق سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے الرٹ رہنا موجودہ حالات میں نہایت ضروری ہو چکا ہے۔


