چارسدہ (ایچ آراین ڈبلیو) تھانہ نستہ پولیس اور ڈکیت گروہ کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اسلحہ کی نوک پر چھینی گئی 36 عدد بھیڑ بکریاں اور دو پستول بھی برآمد کرلیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق مورخہ یکم مارچ 2026 کو تھانہ نستہ میں نامعلوم چھ مسلح ملزمان کے خلاف اسلحہ کی نوک پر 36 عدد بھیڑ بکریاں اور دیگر سامان چھیننے کی رپورٹ درج کی گئی۔ رپورٹ کے اندراج کے فوراً بعد پولیس نے تفتیش کا آغاز کردیا۔
آج ایس ایچ او تھانہ نستہ عرفان خان کو اطلاع موصول ہوئی کہ ڈھیری زرداد کے مقام ٹاپو نستہ میں مسروقہ بھیڑ بکریوں کی خرید و فروخت کی جارہی ہے۔
اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سرڈھیری شاد علی خان کی قیادت میں ایس ایچ او نستہ عرفان خان نے بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر کارروائی کی۔پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم شاہ رخ کو مسروقہ بھیڑ بکریوں سمیت گرفتار کرلیا،
جبکہ اس کے پانچ ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ فرار ملزمان کا تعاقب کرنے پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر ارادہ قتل کے تحت فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم شاہ سعود ولد فلک نیاز سکنہ سکول کورونہ نستہ زخمی ہوگیا، جسے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پستول اور اسلحہ کی نوک پر چھینی گئی تمام 36 عدد بھیڑ بکریاں برآمد کرلی گئیں۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔


