لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)صوبائی دارالحکومت کےعلاقے گرین ٹاؤن میں سسرالیوں کےمبینہ تشدد سے35 سالہ خاتون روبینہ جاں بحق ہوگئی۔لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں سسرالیوں کے مبینہ تشدد سے 35 سالہ خاتون روبینہ جاں بحق ہو گئی، پولیس نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے حقائق جاننے کے لیے قبر کشائی کی کارروائی شروع کر دی ہے۔
مقتولہ کے بھائی محمد شہباز نے پولیس کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ روبینہ کی شادی ایک سال قبل طلال نامی شخص سے ہوئی تھی۔ بھائی کا الزام ہے کہ گزشتہ روز سسرالیوں نے ان کی بہن کو بدترین تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا اور بعد ازاں اسے ‘دل کا دورہ’ قرار دے کر معاملے کو دبانے کی کوشش کی۔
درخواست گزار کے مطابق ملزمان نے خاموشی سے روبینہ کی تدفین کر دی تھی، تاہم مقتولہ کے چہرے پر تشدد کے واضح نشانات موجود تھے۔ لواحقین نے انصاف کے لیے پولیس سے رجوع کر لیا ہے جس پر پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ اور تشدد کی تصدیق کے لیے قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کا عمل مکمل کیا جا رہا ہے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد ثابت ہونے کی صورت میں محمد شہباز کی درخواست پر ملزمان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


