41

صدر الیکٹرونک مارکیٹ کے تاجروں نے نوپارکنگ پائلٹ پروجیکٹ مسترد کر دیا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) صدر الیکٹرونک مارکیٹ کے تاجروں نے سندھ حکومت کی جانب سے نوپارکنگ پائلٹ پروجیکٹ کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے اور مشاورت کے بغیر کسی بھی فیصلے کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔

صدر الیکٹرونک ڈیلرز کے صدر رضوان عرفان نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر کراچی کے مطابق سندھ حکومت ایک پائلٹ پروجیکٹ متعارف کرانے جا رہی ہے، جس کے تحت صدر اور زینب النسا اسٹریٹ کو نوپارکنگ زون قرار دیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت دونوں شاہراہوں پر گاڑیاں کھڑی کرنے کی اجازت نہیں ہو گی اور صرف پک اینڈ ڈراپ کی سہولت دستیاب ہو گی۔

رضوان عرفان نے کہا کہ جس دکان کے سامنے پتھارے ہوں گے، اس دکاندار پر 50 ہزار روپے جرمانے کی تجویز بھی قابلِ اعتراض ہے، کیونکہ دکاندار اس کے ذمہ دار نہیں ہوتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساؤتھ زون میں عبداللہ ہارون روڈ کو نوپارکنگ زون بنانے کی تجویز بھی مسترد کرتے ہیں، کیونکہ اس سے کاروبار شدید متاثر ہونے اور کسٹمرز کی آمد میں نمایاں کمی کا خدشہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آدھا کلومیٹر دور پارکنگ کی تجویز کاروباری سرگرمیوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو گی۔ تاجروں نے متبادل پارکنگ کے بغیر کسی بھی فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے جہانگیر پارک کے نیچے انڈر گراؤنڈ پارکنگ بنانے کی تجویز پیش کی۔

صدر الیکٹرونک مارکیٹ کے تاجروں نے سندھ حکومت اور میئر کراچی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا اور اعلان کیا کہ اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو باضابطہ خط بھی لکھا جائے گا۔ تاجروں کا واضح مؤقف ہے کہ مشاورت کے بغیر کوئی بھی فیصلہ قبول نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں