اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پاک فضائیہ نے جنوبی زون میں اپنی جنگی تیاریوں کا شاندار مظاہرہ کیا ہے۔مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سدرن ایئر کمانڈ کے دائرہ اختیار میں فضائی مشق “گولڈن ایگل” کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا گیا۔ اس مشق میں پاک فضائیہ کی جنگی صلاحیتوں کو منظم انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے اعلیٰ جنگی تیاری اور عملی مہارت کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا مقصد مصنوعی ذہانت کے استعمال کے ذریعے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیت میں اضافہ کرنا، اور جدید و مقامی طور پر تیار شدہ اسمارٹ ٹیکنالوجیز کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنا تھا۔
مشق کے حربی مرحلے میں فرسٹ شوٹ، فرسٹ کل صلاحیت رکھنے والے لڑاکا طیارے استعمال کیے گئے۔ طیارے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بی وی آر رینج ایئر ٹو ایئر میزائل اور توسیع شدہ رینج کے ایئر ٹو گراؤنڈ اسٹینڈ آف ہتھیاروں سے لیس تھے، جن میں انتہائی درست نشانہ سازی کی صلاحیتیں موجود تھیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ مشق پاک فضائیہ کی جدید ترین جنگی مہارتوں اور دفاعی تیاریوں کو بروئے کار لانے کی صلاحیت کا مظہر ہے۔


