79

سندھ کے سرکاری گرلز کالجوں میں فوٹو گرافی پر پابندی عائد

کراچی: محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ نے صوبے بھر کے سرکاری گرلز کالجوں میں فوٹو گرافی پر باضابطہ پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ کالج ایجوکیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے تمام سرکاری گرلز کالجوں کی پرنسپلز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کالج کی حدود میں طالبات کی فوٹو گرافی یا اس کی تشہیر کسی بھی صورت میں قابلِ قبول نہیں ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ دار افراد کو انضباطی یا قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ڈائریکٹر کالجز سندھ کے مطابق محکمہ کو ایسی باقاعدہ شکایات موصول ہوئی تھیں کہ بعض سرکاری گرلز کالجوں میں طالبات کی فوٹو گرافی کی گئی اور بعد ازاں ان تصاویر کو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر غلط طریقے سے استعمال کیا گیا، جو نہ صرف معاشرتی اور مذہبی اقدار بلکہ ملکی قوانین کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔

ڈائریکٹر کالجز کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر اسپیشل سیکریٹری ایجوکیشن نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت دی، جس کے بعد کالجوں میں فوٹو گرافی اور اس کی تشہیر پر مکمل پابندی عائد کی جا رہی ہے۔

محکمہ کالج ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ پرنسپلز اور عملے کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد طالبات کے تحفظ، وقار اور نجی زندگی کو محفوظ بنانا ہے، تاکہ تعلیمی اداروں میں ایک محفوظ اور باوقار ماحول یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں