کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)بلدیہ ٹاؤن نمبر 3 میں سادہ لباس اہلکاروں کی ایک ٹیم نے مبینہ طور پر ایک تاجر کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کی، جس کے دوران شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کے دوران اہلکار گھر میں داخل ہوئے، شادی کی تقریب میں موجود خواتین پر تشدد کیا اور قیمتی سامان، زیورات، موبائل فونز اور نقدی لوٹ لی۔ متاثرہ تاجر کے مطابق لوٹے گئے سامان کی مجموعی قیمت تقریباً 50 لاکھ روپے ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زیادہ تر اہلکار اپنے چہرے ماسک اور کپڑوں سے چھپائے ہوئے ہیں، کچھ پولیس کی وردی میں بھی نظر آئے، جبکہ ان کے ہاتھوں میں لاٹھیاں، پائپ اور دیگر اسلحہ بھی تھا۔ اہلکار گھر کے پڑوسی اور گلی میں لگے کیمروں کو بھی توڑتے دکھائی دئیے۔
متاثرہ تاجر نے واقعے کی پولیس حکام کو تحریری درخواست دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق فوٹیج میں نظر آنے والے بعض افسران اور اہلکار محکمہ سے برطرف ہو چکے ہیں اور ان کے خلاف متعدد مقدمات بھی درج ہیں۔
ایس ایس پی اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ نے واضح کیا کہ فوٹیج میں موجود افراد کا ایس آئی یو یا ڈسٹرکٹ کیماڑی پولیس سے کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ کارروائی یونٹ کے دائرہ کار سے باہر ہے۔


