کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں پانی کی شدید قلت کے باعث انڈسٹریل ایریاز میں کاروبار شدید متاثر ہو گیا ہے۔ دھابے جی کے مقام پر کراچی واٹر کارپوریشن کی پانی سپلائی لائن پھٹنے کے بعد سائٹ اور دیگر صنعتی علاقوں کو زیر زمین پانی فراہم کرنے والے ٹھیکیداروں نے بھی ہڑتال کر دی۔
سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر احمد عظیم کے مطابق سائٹ کی فیکٹریوں کی یومیہ پانی کی طلب 50 ملین گیلن ہے، جبکہ واٹر کارپوریشن کی جانب سے صرف ایک سے دو ملین گیلن پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ باقی پانی زیر زمین لائن سے فراہم کیا جاتا ہے، مگر ہڑتال کے باعث یہ سہولت بھی بند ہو گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پانی کی بندش کے باعث سائٹ کی 4500 فیکٹریاں متاثر ہوئی ہیں، جن میں سے 1800 فیکٹریاں پانی کی عدم موجودگی کی وجہ سے بند ہو گئی ہیں۔ احمد عظیم نے سندھ حکومت اور خاص طور پر میئر کراچی سے اپیل کی کہ فوری طور پر ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ انڈسٹریل سرگرمیاں بحال ہو سکیں اور ملکی معیشت متاثر نہ ہو۔


