لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)بسنت کے پہلے دن پتنگوں سے متعلق مختلف حادثات میں دو افراد جاں بحق اور چالیس زخمی ہو گئے۔میو اسپتال انتظامیہ کے مطابق اسپتال میں پہلے روز 2 لاشیں اور 40 زخمی لائے گئے، جن میں زیادہ تر شہری پتنگ لوٹنے کے دوران کرنٹ لگنے، چھتوں سے گرنے اور ڈور پھٹنے کے باعث زخمی ہوئے۔
میو اسپتال نے بتایا کہ زیادہ تر زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔ بسنت کے پیش نظر صوبے کے تمام اسپتالوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
بسنت کے دوسرے روز شہر میں شہری پتنگیں گڈے اڑانے کے لیے وارم اپ کر رہے ہیں، جبکہ لاہور پریس کلب میں بسنت فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ہے اور لبرٹی چوک میں سیلفی پوائنٹ کے طور پر گڈوں کے بڑے ماڈلز نصب کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب، اسلام آباد میں امام بارگاہ پر خودکش دھماکے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی بسنت تقریبات منسوخ کر دی ہیں۔ سوشل میڈیا پر اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لبرٹی اسکوائر پر شیڈول میگا بسنت شو بھی نہیں ہوگا۔


