57

ہمدرد کے تمام اسپتالوں کیلئے مصنوعی ذہانت (AI)پر مبنی ایپس تیار کی جارہی ہیں،وائس چانسلر عمران امین

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ہمدرد گروپ کے تمام اسپتالوں کے لئے مصنوعی ذہانت (AI)پر مبنی ایپس تشکیل دی جارہی ہیں تاکہ ڈیجیٹل دور کی جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوکر ہم طلبہ کو مستقبل کے چیلنجوں سے ہم آہنگ کرسکیں۔یہ بات ہمدرد یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمران امین نے رفیدہ ہمدرد کالج آف نرسنگ کے پانچویں بیچ کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے رفیدہ ہمدرد کالج آف نرسنگ کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عالیہ ناصر،جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی محترمہ روبینہ حفیظ،امریکا میں مقیم سینئر نرس محترمہ روزینہ ویرانی،وائس پرنسپل ڈاکٹر فہمیدہ خواجہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمران امین نے کہا کہ آج پوری دنیا نے AIکی طر ف سے لائی گئی تبدیلیوں کومحسوس کرنا شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ اب یہ مصنوعی ذہانت کا دور ہے تاہم نرسنگ ایک ایسا شعبہ ہے جہاں اب تک موجودہ طریقے ہی مستعمل ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اب ہمیں ان کے بجائے AIسے استفادہ کرناہوگا۔پروفیسر ڈاکٹر عمران امین نے باور کرایا جب پہلی بار امتحانات میں کیلکولیٹر کی اجازت دی گئی تھیاس وقت بھی سب اجنبی لگتا تھا۔ AIکی خوبیوں اور خامیوں پر اسی طرح کی بحث جاری ہے تاہم اب یہ زندگی کے تقریباً تمام شعبوں میں اپنی حیثیت برقرار رکھے گی۔ دنیا کے بعض ممالک کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے چائینہ کے شاپنگ مالز کے کیوسک بیان کیئے جو خریداروں کی اہم معلومات کو ریکارڈ کرتے ہیں۔ اسی طرح AIٹیکنالوجیز کے ذریعے بغیر پائلیٹ کے ہوائی جہاز اور ڈرائیور کے بغیر کاروں کو چلایا جاسکتا ہے۔ رفیدہ ہمدرد کالج آف نرسنگ کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عالیہ ناصر نے نئے آنے والے طلبہ پر زور دیا کہ وہ نرسنگ کو صحت کی دیکھ بھال کے حوالے سے دفاع کی پہلی لائن کے طور پر لیں۔ یہ صرف ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک مشن ہے جو کسی کو کمیونٹی کی خدمت کرنے کے قابل بناتا ہے۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی محترمہ روبینہ حفیظ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نرسنگ کا پیشہ صرف ایک ذریعہ معاش نہیں بلکہ مریضوں کی دعائیں اور نیک خواہشات بھی ان کے ساتھ ہوتی ہیں۔ امریکا سے زوم آن لائن خطاب کرتے ہوئے محترمہ روزینہ ویرانی نے خبردار کیا کہ دوسروں کی صحت کی دیکھ بھال کرنے والے اکثر اپنی صحت سے غافل رہتے ہیں۔ انہیں چاہیے کہ وہ پہلے اپنی دیکھ بھال کریں۔ اسسٹنٹ رجسٹرار سید عمیر علی نے ہمدرد یونیورسٹی کا تعارف پیش کرتے ہوئے ہمدرد یونیورسٹی کی تاریخ پر روشنی ڈالی جب کہ اسسٹنٹ رجسٹرار عائشہ عمران صدیقی نے ہمدرد یونیورسٹی کی پالیسیز اور پروسیجر بیان کئے۔ تقریب سے وائس پرنسپل فہمیدہ خواجہ اور دیگر دو طالبات نے بھی خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں