کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)چیئرمین نیوکراچی ٹاؤن محمد یوسف نےنارتھ کراچی سیکٹر11-B میں واقع گورنمنٹ گرلزکالج کے اطراف زیر تعمیر سڑک کا تفصیلی معائنہ کیا اورترقیاتی کام کی رفتار و معیار کا جائزہ لیا۔اس موقع پر محکمہ بی اینڈ آر آفیسر فیصل صغیر،انجنیئرصفدر حسین ،انجنیئرساجد صدیقی و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔چیئرمین محمد یوسف نے موقع پر موجود افسران سے سڑک کے تعمیراتی مٹیریل کےمعیار، نکاسی آب کے انتظامات اور تکمیل کی مدت سے متعلق سوالات کیے اور ہدایت دی کہ تعلیمی ادارے کے اطراف تعمیر ہونے والی سڑک کو خاص طور پر محفوظ، ہموار اور پائیدار بنایا جائے تاکہ طالبات، اساتذہ اور مقامی شہریوں کو آمدورفت میں سہولت حاصل ہو۔ انہوں نےکہا کہ تعلیمی مراکز کے گرد بہتر انفرااسٹرکچر نہ صرف سہولت فراہم کرتا ہے بلکہ شہری نظم و ضبط کو بھی بہتر بناتا ہے۔چیئرمین نے مزید کہا کہ نیوکراچی ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کامقصد محض سڑکوں کی تعمیرنہیں بلکہ عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری لانا ہے اوراس سلسلےمیں کسی قسم کی غفلت یاکوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔بعد ازاں چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف پاور ہاؤس چورنگی کےقریب ٹرک کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کے گھر سیکٹر 5C/1 پہنچے، جہاں انہوں نے مرحوم کے والدین اور اہل خانہ سےدلی تعزیت کااظہارکیااورمرحوم کی مغفرت اورلواحقین کےلیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے نے پورے علاقے کو غمزدہ کر دیا ہے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ دارری ہے ۔اظہار تعیزیت کے موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر بھی ٹاؤن چیئرمین کے ہمراہ موجود تھے۔
53


