60

کراچی میں سگ گزیدگی کے بڑھتے واقعات حکومتی غفلت کا نتیجہ قرار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان تحریک انصاف کراچی کی سیکریٹری انفارمیشن و ترجمان فوزیہ صدیقی نے کراچی میں آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے واقعات اور انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے صوبائی اور شہری حکومت کی سنگین نااہلی قرار دیا ہے۔

فوزیہ صدیقی نے کہا کہ صرف سال 2025 کے دوران کراچی میں 29 ہزار سے زائد شہری سگ گزیدگی کا شکار ہوئے جبکہ ریبیئز کے باعث 19 سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ ہی 4 ہزار سے زیادہ سگ گزیدگی کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جو حکومت کی صحت، بلدیات اور ویسٹ مینجمنٹ پالیسیوں کی مکمل ناکامی کا واضح ثبوت ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لانڈھی، کورنگی، ملیر، عزیز آباد، گلبرگ ٹاؤن، لیاقت آباد، اورنگی ٹاؤن، محمود آباد اور ڈی ایچ اے سمیت شہر کے متعدد علاقوں میں آوارہ کتوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، جس کے باعث شہری شدید خوف اور عدم تحفظ کا شکار ہیں، جبکہ حکومتی اقدامات محض بیانات اور کاغذی منصوبوں تک محدود ہیں۔

فوزیہ صدیقی نے نشاندہی کی کہ شہر میں کچرے کے ڈھیر، ناقص ویسٹ مینجمنٹ اور بلدیاتی اداروں کی عدم توجہی نے آوارہ کتوں کی افزائش کو بے قابو کر دیا ہے، جس کا خمیازہ معصوم بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

پی ٹی آئی کراچی کی ترجمان نے مطالبہ کیا کہ آوارہ کتوں کی آبادی پر قابو پانے کے لیے فوری ہنگامی بنیادوں پر مؤثر مہم شروع کی جائے، شیلٹر ہومز قائم کیے جائیں، ریبیئز ویکسین کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور ذمہ دار اداروں و افسران کا تعین کر کے ان کا سخت احتساب کیا جائے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صوبائی اور شہری حکومتوں نے اس سنگین مسئلے پر فوری اور سنجیدہ اقدامات نہ کیے تو پاکستان تحریک انصاف کراچی شہریوں کے ساتھ مل کر احتجاج سمیت تمام آئینی و جمہوری راستے اختیار کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں