کراچی/اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) رواں مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران پاکستان میں موبائل فونز کی درآمدات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق موبائل فونز کی درآمدات میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سرکاری دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ جولائی سے دسمبر 2025 کے دوران پاکستان نے مجموعی طور پر 270 ارب 86 کروڑ روپے مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے۔ اس کے مقابلے میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 203 ارب 92 کروڑ روپے مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے گئے تھے۔
ماہرین کے مطابق موبائل فونز کی درآمدات میں اضافے کی بڑی وجوہات میں صارفین کی بڑھتی ہوئی طلب، اسمارٹ فونز کا بڑھتا استعمال اور ٹیکنالوجی کی جانب عوامی رجحان شامل ہے۔ اقتصادی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ درآمدات میں اس اضافے سے ایک جانب صارفین کو جدید موبائل فونز تک رسائی ملی ہے تو دوسری جانب زرِمبادلہ کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
حکام کے مطابق حکومت موبائل فونز کی مقامی تیاری کے فروغ اور درآمدی بل میں کمی کے لیے مختلف پالیسی اقدامات پر غور کر رہی ہے۔


