کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کے احکامات کی روشنی میں کراچی پولیس نے انسدادِ جرائم کے خلاف مؤثر اور کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے شہر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے نمایاں پیش رفت کی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف ضلعی پولیس کے مجموعی طور پر 32 مقابلے ہوئے، جن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 11 ملزمان ہلاک جبکہ 27 زخمی ڈاکوؤں سمیت مجموعی طور پر 46 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے 47 مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ اور 15 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ زونز میں پولیس نے مختلف جرائم میں ملوث 796 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔
منشیات کے خلاف جاری مہم کے تحت پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی 31 کلو 871 گرام چرس اور 4 کلو 957 گرام آئس/کرسٹل برآمد کی۔ اسی طرح پولیس مقابلوں اور دیگر کارروائیوں میں شہریوں سے لوٹ مار اور جرائم میں استعمال ہونے والا 125 سے زائد اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن بھی ضبط کیا گیا۔
کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں سے چھینی اور چوری شدہ 25 موٹر سائیکلیں اور 2 بڑی گاڑیاں بھی برآمد کیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں جرائم کے خاتمے، امن و امان کی بحالی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسی کارروائیاں آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔


