کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)شہر قائد میں منوڑہ کے قریب سمندر میں بحری جہاز سے ٹکرا کر الٹنے والی کشتی کے حادثے میں لاپتہ ہونے والے چار ماہی گیروں میں سے ایک کی لاش برآمد کر لی گئی ہے، جبکہ دیگر تین کی تلاش جاری ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ روز پیش آنے والے حادثے میں کشتی میں سوار 11 ماہی گیروں میں سے 7 کو بروقت ریسکیو کر لیا گیا تھا، تاہم چار ماہی گیر سمندر میں لاپتہ ہو گئے تھے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے ہفتے کے روز جاری ریسکیو آپریشن کے دوران ایک ماہی گیر کی لاش سمندر سے نکالی، جس کی شناخت 30 سالہ ہارون کے نام سے ہوئی ہے۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایدھی حکام کے مطابق رات کے وقت اندھیرے کے باعث دیگر لاپتہ ماہی گیروں کی تلاش عارضی طور پر روک دی گئی تھی، جو آج بروز اتوار صبح دوبارہ شروع کی جائے گی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ تینوں ماہی گیروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن پوری تندہی سے جاری رکھا جائے گا۔


