کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) صوبائی وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پروپٹیک کنونشن رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں پالیسی سازی، جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کو یکجا کرنے والا ایک مؤثر اور قابلِ اعتماد پلیٹ فارم بن چکا ہے جو پاکستان خصوصاً سندھ میں جدید اور پائیدار رئیل اسٹیٹ ایکو سسٹم کے قیام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے ایکسپو سینٹر میں منعقدہ چھٹے پروپٹیک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں ٹیکسیشن نظام، دستاویزی عمل اور کمپلائنس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے جس سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ رہائشی اور کمرشل منصوبوں میں معیار، اعتماد اور طویل مدتی ویلیو کو بنیادی اصول بنایا جا رہا ہے کیونکہ پائیدار شہری ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ شہری منصوبہ بندی کے لیے حکومت، بلڈرز، ڈیولپرز اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے درمیان مضبوط شراکت داری ناگزیر ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت ریگولیٹری اصلاحات کے ساتھ ٹیکنالوجی پر مبنی رئیل اسٹیٹ سسٹمز، شفاف مانیٹرنگ اور آن لائن منظوریوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، تاکہ سرمایہ کاروں اور شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔


