کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جماعت اسلامی کراچی کے رہنما منعم ظفر خان نے گزشتہ روز گل پلازہ کی آتشزدگی میں شہید ہونے والے ایک ہی خاندان کے چھ افراد میں سے چار کی شناخت کے بعد دہلی کالونی عید گاہ گراؤنڈ میں نماز جنازہ میں شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت گزشتہ 18 برس سے اقتدار میں ہے، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ادارے انہی کے ماتحت ہیں۔ ان کے پاس وسائل کی کمی نہیں، اصل مسئلہ نااہلی، بدانتظامی اور کرپشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں میں عوام کو تحفظ دینے کی نیت اور ارادہ موجود نہیں ہوگا تو ایسے سانحات بار بار ہوتے رہیں گے۔ گل پلازہ سانحہ نے سندھ حکومت اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو بے نقاب کر دیا ہے۔
منعم ظفر خان نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کراچی کے شہریوں کو جینے کا حق دلانے کے لیے یکم فروری کو شارعِ فیصل پر عظیم الشان ‘‘جینے دو کراچی’’ مارچ کرے گی، جس میں کراچی کے عوام بڑی تعداد میں شریک ہو کر حکمرانوں سے اپنے بنیادی حقوق کا مطالبہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی، ان کے زخموں پر مرہم رکھے گی اور ہر سطح پر ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرے گی۔ منعم ظفر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج چار شہداء کے جنازے اٹھائے جا رہے ہیں، لیکن نو دن گزرنے کے باوجود کئی خاندان اپنے پیاروں کی لاشوں یا باقیات کے منتظر ہیں، یہ صورتحال کراچی کے ساتھ بدترین ظلم ہے۔


