**کراچی (ایچ آر این ڈبلیو):** آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ضلع سانگھڑ کے علاقے چوٹیاری میں 14 سالہ معصوم بچی پر بااثر شخص کی جانب سے مبینہ تشدد کے افسوسناک واقعے کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔ آئی جی سندھ نے ایس ایس پی سانگھڑ سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ واقعے کی تمام تر تفصیلات فراہم کی جائیں۔ آئی جی سندھ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ متاثرہ بچی اور اس کے اہل خانہ کو فی الفور قانونی تحفظ فراہم کیا جائے اور بچی کا طبی معائنہ کروا کر قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندان کے بیانات کی روشنی میں ملوث بااثر ملزم کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔


