لاہور کی بڑی تقسیم: وزیر اعلیٰ مریم نواز نے شہر کو 2 اضلاع میں بانٹنے کی اصولی منظوری دیدی

لاہور (ایچ آر این ڈبلیو) پنجاب حکومت نے بڑھتی ہوئی آبادی اور انتظامی بوجھ کو کم کرنے کے لیے صوبائی دارالحکومت لاہور کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے، جس کی اصولی منظوری وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے دیدی ہے۔ اس تاریخی فیصلے کے تحت بسنت کے فوری بعد لاہور کی انتظامی ری اسٹرکچرنگ کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا، جس کا بنیادی ہدف سروس ڈیلیوری اور گورننس کے نظام کو مزید بہتر بنانا ہے۔ اس نئی تقسیم کے بعد لاہور میں ڈپٹی کمشنرز، پولیس افسران اور میونسپل کارپوریشن کا نظام مکمل طور پر الگ الگ ہو جائے گا، جبکہ شہری سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کے لیے شہر کی انتظامی حدود کا ازسرنو تعین بھی کیا جائے گا۔ پنجاب حکومت کا مؤقف ہے کہ لاہور کی آبادی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ ٹریفک، تجاوزات اور بلدیاتی مسائل کے حل کے لیے اسے دو اضلاع میں تقسیم کرنا ناگزیر ہو چکا ہے، تاکہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو آج ہی سے تمام پراسیس مکمل کرنے کا حکم دیا ہے، جبکہ اس سلسلے میں چند مزید اہم اقدامات پر مشاورت کے لیے 9 فروری کو دوبارہ اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جو لاہور میں شہری گورننس کی اصلاحات کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں