مرکزی ملزم قیصر اقبال کی 14 ارب روپے کی پلی بارگین کی درخواست نیب میں جمع

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)کوہستان کے 40 ارب روپے کے میگا کرپشن اسکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی۔ اسکینڈل کے مرکزی ملزم قیصر اقبال نے 14 ارب روپے کی پلی بارگین کے لیے قومی احتساب بیورو (نیب) میں باضابطہ درخواست جمع کرا دی ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق قیصر اقبال محکمہ سی اینڈ ڈبلیو میں ہیڈ کلرک کے عہدے پر تعینات تھا، تاہم اس کے (اور اس کی اہلیہ کے) نام پر 10 ارب روپے مالیت کی گاڑیاں، بنگلے، پلازے، بھاری مقدار میں سونا اور متعدد دیگر قیمتی اثاثے موجود ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید 4 ارب روپے مالیت کے اثاثے ایک بے نامی ڈمپر ڈرائیور کے نام پر خریدے گئے تھے، جس سے کیس کی نوعیت مزید سنگین ہو گئی ہے۔

نیب حکام کے مطابق قیصر اقبال نے مجموعی طور پر 14 ارب روپے کی پلی بارگین کی درخواست دے کر نیب کے سامنے اعترافی عمل کا آغاز کر دیا ہے، جس پر اب قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل قومی احتساب بیورو نے کوہستان کے 40 ارب روپے کے میگا کرپشن اسکینڈل میں 8 اہم ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جن میں دو سرکاری افسر، دو بینکر اور چار ٹھیکیدار شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں