بابافریدالدین گنج شکرؒ کے مزارات زائرین کے لیے معیاری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے

پاکپتن(ایچ آراین ڈبلیو)سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ حضرت بابافریدالدین گنج شکرؒ کی تعلیمات محبت، اخوت، صبر، رواداری اور خدمتِ انسانیت پر مبنی ہیں، جو نہ صرف ہمارے سماجی و اخلاقی اقدار کی بنیاد ہیں بلکہ ایک پُرامن اور مضبوط معاشرے کے قیام میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوفیائے کرام کے مزارات ہمارے دینی، روحانی اور ثقافتی ورثے کا قیمتی اثاثہ ہیں، جن کی حفاظت، ترقی اور زائرین کے لیے معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔

یہ باتیں انہوں نے ڈپٹی کمشنر آصف رضا کے ہمراہ درگاہ حضرت بابافریدالدین گنج شکرؒ کے دورے کے موقع پر کیں۔ سیکرٹری اوقاف نے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملکی ترقی، استحکام، امن و سلامتی اور عوام کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔

بعد ازاں انہوں نے درگاہ پر جاری توسیعی منصوبے کے تعمیراتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا اور منصوبے کے مختلف پہلوؤں، تعمیراتی معیار اور رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو واضح ہدایات جاری کیں۔

اس سے قبل ڈپٹی کمشنر آفس میں سیکرٹری اوقاف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں ایکسیئن بلڈنگ مظہر حسین نے درگاہ کے توسیعی منصوبے پر اب تک ہونے والی پیش رفت، آئندہ اہداف اور مجوزہ ٹائم لائن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر اوقاف ضیاء المصطفیٰ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔

سیکرٹری اوقاف نے اس موقع پر اس امر پر زور دیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق منصوبے کی بروقت تکمیل، شفافیت اور اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، تاکہ زائرین کو بہتر، محفوظ اور باوقار سہولیات فراہم کی جا سکیں اور درگاہ کی روحانی عظمت و تاریخی حیثیت کے شایانِ شان ترقی ممکن ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں