حکومت کا آئندہ سال سے بند مقامی گیس کنویں کھولنے کا فیصلہ

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی حکومت نے جنوری 2026 سے بند مقامی گیس فیلڈز دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد مقامی گیس کی فراہمی مرحلہ وار سسٹم میں شامل ہونا شروع ہو جائے گی۔

وزارتِ پیٹرولیم کے ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ قطر کی جانب سے اضافی سرپلس ایل این جی کارگوز منسوخ کرنے پر آمادگی کے بعد کیا گیا ہے۔ قطر 2026 کے لیے اپنے 24 ایل این جی کارگوز منسوخ کرے گا، جبکہ مجموعی طور پر 35 ایل این جی کارگوز منسوخ ہوں گے جن میں پاکستان ایل این جی کے 24 اور ای این آئی کے 11 کارگوز شامل ہیں۔

حکام کے مطابق اضافی کارگوز کی آمد کے باعث گزشتہ برس 200 ایم ایم سی ایف ڈی کے قریب مقامی گیس کنویں بند کرنا پڑے تھے، کیونکہ پاور سیکٹر نے درآمدی ایل این جی مکمل استعمال نہیں کی تھی جس کے نتیجے میں گیس سسٹم میں سرپلس بڑھ گئی تھی۔ سرپلس ایل این جی پائپ لائنز میں ڈالنے سے اوور پریشر کے خدشات کے باعث مقامی فیلڈز کو عارضی طور پر بند کیا گیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ 2026 میں پاکستان قطر سے 120 کے بجائے 85 ایل این جی کارگوز خریدے گا، جس سے ملک کو تقریباً 201 ارب روپے کی مالی بچت ہوگی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ مقامی گیس فیلڈز دوبارہ فعال ہونے سے درآمدی انحصار میں کمی آئے گی اور گھریلو و صنعتی صارفین کو مرحلہ وار ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں