اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہو گئے، جس کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے اپنی جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ان کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے ہیں اور جو وعدے کیے گئے ہیں، انہی کی بنیاد پر ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران حکومت نے ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے، جس کے بعد ملک بھر میں مال بردار گاڑیوں کی آمد و رفت بحال ہو جائے گی۔
ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا تھا کہ ہڑتال کے خاتمے سے سپلائی چین بہتر ہوگی اور کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی، جبکہ عوام کو بھی اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں سہولت ملے گی۔


