کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی نے انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مسلسل تیسرے روز بھی مختلف پولیو کیمپس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے تعینات پولیس اہلکاروں اور پولیو ورکرز سے ملاقات کی اور انہیں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دینے کی ہدایات جاری کیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے موقع پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم میں عملی شرکت کی اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اس قومی فریضے میں بھرپور تعاون کریں تاکہ پاکستان کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔
انہوں نے پولیس جوانوں اور افسران کو ہدایت دی کہ وہ دورانِ مہم مکمل طور پر الرٹ رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنائیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ورکرز کے تحفظ کے لیے ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس پولیو مہم کو بلا رکاوٹ اور کامیابی سے مکمل کرانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔


