کے پی پولیس نے صوبائی حکومت سے خصوصی الاؤنس مانگ لیا

پشاور(ایچ آراین ڈبلیو)خیبرپختونخوا پولیس نے صوبائی حکومت سے خصوصی الاؤنس کی منظوری کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو سمری ارسال کر دی ہے۔

سمری کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن فورس کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہے اور اس دوران پولیس نے قیمتی جانوں سمیت بھاری قربانیاں دی ہیں۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ صوبے میں بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے خطرات تاحال برقرار ہیں۔

سمری میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سخت سیکیورٹی حالات کے باوجود خیبرپختونخوا پولیس کو اس وقت کوئی اضافی مالی مراعات حاصل نہیں ہیں، اس لیے تجویز دی گئی ہے کہ پولیس افسران اور اہلکاروں کو بنیادی تنخواہ کے برابر خصوصی الاؤنس دیا جائے۔

سمری کے مطابق خصوصی الاؤنس کی منظوری سے پولیس اہلکاروں کے حوصلے اور کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوگا، تاہم مجوزہ الاؤنس سے صوبائی خزانے پر ماہانہ 4 ارب 23 کروڑ روپے سے زائد کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔

سمری پر صوبائی حکومت کی جانب سے غور جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں