خانیوال(ایچ آراین ڈبلیو)موٹروے ایم فور پر خانیوال کے قریب بس اور ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں بس کی ایک ہوسٹس جاں بحق جبکہ چار مسافر زخمی ہو گئے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا۔ حادثے کا شکار ہونے والی بس لاہور سے ملتان جا رہی تھی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بہاولپور: حاصل پور–چشتیاں روڈ پر تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار دو بھائی جاں بحق جبکہ ان کا والد شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق لاشوں اور زخمی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
کوہاٹ: کوہاٹ میں مسافر کوچ اور کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ نو افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال پہنچایا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کا راج برقرار ہے جس کے باعث موٹروے ایم فائیو ملتان سے ظاہر پیر تک دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔


