تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر میٹرو بس عملے کا احتجاج، اسلام آباد،راولپنڈی سروس معطل

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) میٹرو بس سروس کے عملے کی جانب سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف احتجاج کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان دوطرفہ میٹرو بس سروس معطل ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق آئی جے پی اسٹیشن پر میٹرو بس اسٹاف نے بسیں روک کر احتجاج کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ انہیں گزشتہ دو ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔ عملے کا کہنا تھا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے کے باوجود مسئلہ حل نہیں کیا گیا، جس پر احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑا۔

احتجاج کے نتیجے میں اسلام آباد سے راولپنڈی اور راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی تمام میٹرو بسیں بند ہو گئیں، جس کے باعث روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

عملے نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر واجب الادا تنخواہیں ادا کی جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں