عوام کے لیے خوشخبری، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئندہ چند روز میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق متعلقہ محکمے نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق ابتدائی ورکنگ مکمل کر لی ہے، جبکہ حتمی اعلان 15 دسمبر کو متوقع ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق 16 دسمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 11 روپے فی لیٹر تک کمی کی جا سکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 36 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 11 روپے 85 پیسے فی لیٹر تک سستا ہو سکتا ہے۔

اسی طرح مٹی کا تیل 11 روپے 70 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل 10 روپے 1 پیسے فی لیٹر تک سستا ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) قیمتوں میں کمی کی سمری 15 دسمبر کو منظوری کے لیے ارسال کرے گی، جس پر وزیراعظم کی منظوری کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کرے گا۔

اگر مجوزہ کمی کی منظوری دے دی گئی تو پیٹرول کی نئی قیمت 263 روپے 9 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 270 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہونے کا امکان ہے۔ عوام کو امید ہے کہ قیمتوں میں اس کمی سے مہنگائی کے دباؤ میں کچھ حد تک ریلیف ملے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں