اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) میں انسدادِ بدعنوانی کا عالمی دن ہیڈکوارٹرز میں خصوصی سیمینار کے ساتھ منایا گیا، جس میں ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ، سینئر افسران اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
سیمینار سے ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن ونگ، قانونی شعبے اور مختلف زونز کے افسران نے خطاب کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی جی اے سی ڈبلیو محمد جعفر نے ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایات کے تحت جاری اصلاحاتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ ایجنسی کے آپریشنز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کیس مینجمنٹ سسٹم اپ گریڈ کیا گیا ہے، مجرمانہ ریکارڈ کو ڈیجیٹائز کیا گیا ہے، جبکہ انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (IC4) اور اندرونی احتساب ڈائریکٹوریٹ کا بھی قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایف آئی اے دیانتداری، شفافیت اور عوامی اعتماد کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا:
“ایف آئی اے بدعنوانی کے خلاف مضبوط، منصفانہ اور پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور ہر سطح پر احتساب اور شفافیت ہمارا بنیادی اصول ہے۔”
تقریب کے اختتام پر ادارہ جاتی شفافیت، احتساب اور سالمیت کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف جنگ ایک مسلسل جدوجہد ہے، جس کے لیے چوکسی، ہمت اور باہمی تعاون ضروری ہے، اور ایف آئی اے اس جدوجہد میں قیادت کا کردار ادا کرتا رہے گا۔


