نواب شاہ(ایچ آراین ڈبلیو) میں پی ٹی سی ایل کی قیمتی سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے اور غیر قانونی تعمیرات کے معاملے پر آخرکار ایف آئی اے حرکت میں آ گئی۔ مقامی انتظامیہ کی مبینہ خاموشی اور ناکامی کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے نے معاملے کی باضابطہ جانچ شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق سید غلام نبی شاہ نامی شہری نے ایف آئی اے میں شکایت درج کروائی تھی کہ بااثر افراد نے پی ٹی سی ایل کی ملکیتی زمین پر ناجائز تجاوزات قائم کر رکھی ہیں اور غیر قانونی دکانیں تعمیر کی جا رہی ہیں۔
ایف آئی اے نے شکایت کو سنگین نوعیت کا قرار دیتے ہوئے ویریفکیشن کا عمل شروع کر دیا ہے۔ تفتیشی افسر نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 160 کے تحت نوٹس جاری کرتے ہوئے مدعی کو متعلقہ شواہد اور دستاویزات کے ساتھ طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی جانچ کے دوران کئی اہم پہلو سامنے آئے ہیں اور ممکنہ طور پر مزید بڑے انکشافات بھی سامنے آ سکتے ہیں۔
علاقے کے شہریوں نے ایف آئی اے کے اقدام کو دیرینہ مسئلے کے حل کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔


