تھرپارکر(ایچ آراین ڈبلیو)79 سالہ ریٹائرڈ سرکاری اسکول ٹیچر نے ثابت کردیا کہ سیکھنے کا عمل عمر کا محتاج نہیں۔ سکھ رام داس نے 79 برس کی عمر میں جامعہ کراچی سے قانون کی ڈگری حاصل کرکے سب کے لیے ایک نئی مثال قائم کر دی۔
سکھ رام داس، جو تحصیل ڈیپلو کے گاؤں ہیلاریو پیر کے رہائشی اور آٹھ بیٹوں اور ایک بیٹی کے والد ہیں، نے 74 سال کی عمر میں جامعہ کراچی کے شعبہ قانون میں داخلہ لیا تھا اور مسلسل محنت کے ساتھ تعلیم حاصل کرتے ہوئے پانچ سال بعد ایل ایل بی کی ڈگری مکمل کرلی۔
سکھ رام داس کا کہنا ہے کہ قانون کی تعلیم حاصل کرنے کا مقصد نہ صرف اپنی آگاہی بڑھانا تھا بلکہ اپنے علاقے کے غریب عوام کے مسائل—خصوصاً زمینوں اور حقوق سے متعلق تنازعات—کے حل میں ان کی مدد کرنا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم ہر عمر میں انسان کو مضبوط بناتی ہے، اور اگر نیت ہو تو کوئی بھی منزل مشکل نہیں رہتی۔ سکھ رام داس کی اس کامیابی کو علاقے بھر میں زبردست سراہا جا رہا ہے، اور انہیں نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال قرار دیا جا رہا ہے۔


