ایف بی آر کا سرحد چیمبر آف کامرس میں ٹیکس آگاہی سیشن، کاروباری برادری کی بھرپور شرکت

پشاور(ایچ آراین ڈبلیو) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کے ٹیکس پیئرز سروسز ونگ کی جانب سے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پشاور میں ٹیکس آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ یہ سیشن چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کی ہدایت پر ممبر ٹیکس پیئرز سروسز ونگ تہمینہ عامر کی زیر نگرانی منعقد ہوا، جس کا مقصد ٹیکس دہندگان کو آگاہی فراہم کرنا اور کاروباری برادری میں رضاکارانہ ٹیکس کمپلائنس کو فروغ دینا تھا۔

سیکریٹری ٹیکس ایجوکیشن اینڈ فیسلیٹیشن محمد مطیع الرحمٰن ممتاز نے ایف بی آر ٹیم کی قیادت کی۔ اپنے ابتدائی کلمات میں انہوں نے ایف بی آر کے مینڈیٹ، ذمہ داریوں اور جاری اصلاحاتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، فیسلیٹیشن اور باہمی رابطوں کے ذریعے ٹیکس دہندگان اور انتظامیہ کے درمیان فاصلے کم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

بعد ازاں سیکنڈ سیکریٹری ٹیکس فیسلیٹیشن عبدالرحمٰن نے شرکاء کو ٹیکس کے اہم طریقہ کار اور آن لائن انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کے عمل پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔

سیشن میں سرحد چیمبر کے صدر جنید الطاف، ایگزیکٹو ممبران اور پشاور ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ کاروباری برادری نے سیشن میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور ایف بی آر ٹیم سے مختلف سوالات کیے، جن کے جامع اور اطمینان بخش جوابات فراہم کیے گئے۔

شرکاء نے ٹیکس کمپلائنس، شفافیت اور اعتماد کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے ایف بی آر کی کوششوں کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر ایف بی آر اور چیمبر کی جانب سے سووینیئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں