لکی مروت(ایچ آراین ڈبلیو)پولیس نے اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا نان کسٹم پیڈ سامان قبضے میں لے لیا۔ یہ کارروائیاں ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان اور ڈی پی او لکی مروت نذیر خان (PSP) کی خصوصی ہدایات پر کی جا رہی ہیں جن کا مقصد اسمگلنگ کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر اور ہمہ جہت حکمت عملی پر عمل کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ڈی پی او غزنی خیل سرکل نصیر خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ پیزو عارف اللہ خان نے ڈیرہ اسماعیل خان سے پشاور جانے والی گاڑی کو چیکنگ کے دوران روک کر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران گاڑی سے 3000 پیکٹس سگریٹ، 77 کاٹن بالائی کریم، 8 بوریاں خشک میوہ جات (کشمش)، 30 بوتل شیمپو، 4 کاٹن ویزلین، 15 پیکٹ چاکلیٹ سمیت دیگر غیر ملکی سامان برآمد ہوا۔
پولیس نے برآمد شدہ نان کسٹم پیڈ سامان اور گاڑی کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ایسے آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے تاکہ علاقے میں اسمگلنگ کے نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔


