اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بحرین اور سعودی عرب کے اعلیٰ عسکری کمانڈرز نے بدھ کے روز جی ایچ کیو میں ملاقاتیں کیں جن میں خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بحرین کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے آرمی چیف سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دفاعی تعاون پر بات چیت کی۔ انہوں نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور علاقائی امن کے لیے کردار کو سراہا۔
ایک علیحدہ ملاقات میں سعودی رائل لینڈ فورسز کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہد بن سعود الجوہانی جی ایچ کیو راولپنڈی پہنچے، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ملاقات میں دفاعی تعاون کے فروغ، تربیت، استعداد بڑھانے اور انٹیلی جنس شیئرنگ سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط دفاعی تعاون پر اظہارِ اطمینان کیا، جبکہ دونوں ممالک نے مستقبل میں اس تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔


