88

بیرونِ ملک بھجوانے کے نام پر مبینہ فراڈ، متاثرین کی ایف آئی اے سے کارروائی کی اپیل

حافظ آباد(ایچ آراین ڈبلیو) ضلع حافظ آباد میں بیرونِ ملک روزگار دلوانے کے وعدے پر مبینہ فراڈ کا معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں متعدد شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ایک مقامی ایجنٹ نے انہیں عراق لے جانے کے نام پر بھاری رقوم وصول کیں۔ متاثرہ افراد کے مطابق یہ رقم مختلف بینک اکاؤنٹس اور نقد صورت میں وصول کی گئی، جبکہ بیرونِ ملک جانے کے لیے زیارت ویزوں اور براستہ ایران سفر کا راستہ اختیار کرنے کا کہا گیا۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ سفر کے دوران وہ ایران میں مشکلات کا شکار ہوئے اور بعدازاں انہیں اپنی مدد آپ کے تحت واپس آنا پڑا، جس پر اضافی مالی بوجھ بھی برداشت کرنا پڑا۔ شہریوں نے دعویٰ کیا کہ وطن واپسی کے بعد رقم واپس کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی مگر وہ پوری نہ ہوسکی۔
متاثرہ افراد نے اس حوالے سے ڈائریکٹر ایف آئی اے گجرات کے دفتر میں باضابطہ درخواست جمع کرا دی ہے اور وزیرِ داخلہ سمیت متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں تاکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت نگرانی اور موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں