106

دوبارہ پاکستان آنے والوں کی گرفتاری کے احکامات جاری،وزیر داخلہ محسن نقوی

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح اعلان کیا ہے کہ تمام غیرقانونی افغان شہریوں کو ہر صورت افغانستان واپس بھیجا جائے گا اور مستقبل میں اس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد ہوگا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ سلسلہ برداشت نہیں کیا جائے گا کہ کسی غیرقانونی افغان شہری کو پاکستان سے واپس بھیجا جائے اور وہ دوبارہ غیرقانونی طور پر داخل ہو کر واپس آ جائے۔
انہوں نے کہا کہ اب ایسی صورت میں سخت کارروائی ہوگی اور دوبارہ آنے والے کو فوراً گرفتار کیا جائے گا۔ اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت غیرقانونی رہائش کے مسئلے پر سخت اور جامع حکمت عملی اختیار کر رہی ہے تاکہ ملک میں سیکیورٹی اور قانون کی صورتحال کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

وزارت داخلہ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں