راولپنڈی(ایچ آراین ڈبلیو) راولپنڈی پولیس کی باہمت آفیسر انسپکٹر ارم خانم نے ورلڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 2025 میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بھارت کی ویٹ لفٹر سپنا کو شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔
یہ عالمی مقابلے سری لنکا میں منعقد ہوئے جہاں انسپکٹر ارم خانم نے نہ صرف اوّل پوزیشن حاصل کی بلکہ مجموعی طور پر دو گولڈ میڈل جیت کر پاکستان اور پنجاب پولیس کا نام عالمی سطح پر روشن کر دیا۔
راولپنڈی پولیس لائنز پہنچنے پر انسپکٹر ارم خانم کا شاندار استقبال کیا گیا اور ان کی غیر معمولی کامیابی پر پولیس افسران اور اہلکاروں نے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر سی پی او خالد حمدانی نے کہا کہ “انسپکٹر ارم خانم ہماری فخر ہیں۔ انہوں نے پنجاب پولیس اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں سربلند کیا ہے۔”
راولپنڈی پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر ارم خانم کو اولمپکس کی ٹارچ برداری کے لیے بھی باقاعدہ دعوت نامہ مل گیا ہے، جبکہ انہوں نے ڈیڈ لفٹ کے مقابلوں میں بھی اوّل پوزیشن حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
پنجاب پولیس کی یہ بہادر افسر اب عالمی کھیلوں کی دنیا میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے ایک نئی مثال بن کر ابھری ہیں۔


