ڈی پی او دیر بالا کا تھانہ براول اور انتہائی حساس چوکی/چیک پوسٹ کلپانی کا اچانک دورہ

دیر بالا (ایچ آراین ڈبلیو) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ شیر اکبر خان کے احکامات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دیر بالا اسلم نواز نے تھانہ براول اور ضلع دیر لوئیر سے متصل انتہائی حساس چوکی کلپانی کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ڈی پی او دیر بالا نے تھانہ اور چوکی کے اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں، رہائشی بیرکس، وائرلیس سیٹس، تھرمل ویپنز، نائٹ ویژن آلات اور دیگر سیکیورٹی سہولیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ براول بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈی پی او دیر بالا نے موقع پر موجود پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ: “اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بلٹ پروف جیکٹ، ہیلمٹ، تھرمل ویپن اور نائٹ ویژن آلات کا استعمال یقینی بنائیں۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جرائم پیشہ عناصر، مشکوک اور اجنبی افراد کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھیں اور عوامی تحفظ کے لیے ہمہ وقت چوکنا رہیں۔”

اپنا تبصرہ بھیجیں