کسٹمز انفورسمنٹ پنجگور نے45 کروڑ روپے مالیت کی 30 کلو گرام آئس ضبط کر لی

کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو)کسٹمز انفورسمنٹ پنجگور نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی جانے والی ایک کارروائی کے دوران این-85 پر پنجگور کے قریب 30 کلو گرام آئس قبضے میں لے لی۔ منشیات 30 پلاسٹک بیگز میں ایک گاڑی کے اندر چھپائی گئی تھیں۔

مستند خفیہ اطلاع موصول ہونے پر کہ ایک سلور رنگ کی ٹویوٹا وِٹز باسیمہ سے ساحلی پٹی کی جانب منشیات لے جا رہی ہے انفورسمنٹ ٹیموں نے ضلع پنجگور اور واشک کی سرحدی علاقے کے قریب گاڑی کو روکا جس کی مکمل تلاشی کے دوران مختلف خفیہ خانوں میں چھپائی گئی منشیات برآمد ہوئیں۔

پکڑی جانے والی آئس کی بین الاقوامی منڈی میں مالیت تقریبا 45 کروڑ روپے ہے جبکہ نان کسٹم پیڈ ٹویوٹا وِٹز کی مالیت 25 لاکھ روپے ہے۔ منشیات اور گاڑی دونوں کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

ایف بی آر منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے اور معاشرے کے لئے خطرہ ثابت ہونے والے اس ناسور کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں