آل پاکستان انجمنِ تاجران سندھ کے صدر جاوید قریشی نیشنل ہائی وے حالا پر دھرنے میں شریک

حالا(ایچ آراین ڈبلیو)شہدادپور کے پولیس تھانے میں مبینہ تشدد کے دوران جاں بحق ہونے والے ماسٹر جام عزیز کے قتل کے خلاف ورثاء اور شہریوں نے نیشنل ہائی وے حالا پر میت رکھ کر احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین نے ملوث پولیس اہلکاروں کی گرفتاری اور واقعے کی شفاف انکوائری کا مطالبہ کیا۔

احتجاج میں آل پاکستان انجمنِ تاجران سندھ کے رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔ تاجر وفد کی قیادت صوبائی صدر جاوید قریشی نے کی، جبکہ وفد میں سعید راٹھور، رفیق بشیر، حبیب الرحمن امرتسری، شوکت ملک، عباس ملک، عبدالجبار بھٹو، جاوید بیگ، وقاص خلجی اور غلام عباس ساند سمیت دیگر تاجر رہنما شریک ہوئے۔

اس موقع پر جاوید قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “شہدادپور کے پولیس تھانے میں شہری کی ہلاکت انتہائی افسوس ناک ہے اور انصاف کا تقاضا ہے کہ ذمہ داروں کو فوری گرفتار کیا جائے۔”
انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور شفاف انکوائری کے ذریعے متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔

جاوید قریشی نے کہا کہ اگر متاثرہ خاندان کو انصاف نہ ملا تو آل پاکستان انجمنِ تاجران سندھ اپنا احتجاج پورے صوبے میں پھیلا دے گی۔
انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی ہی عوام کے اداروں پر اعتماد کی بحالی کی ضامن ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں