اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعظم شہباز شریف نے کیش لیس معیشت کے اقدامات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے گورننس میں بہتری اور کرپشن میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔ انہوں نے کیش لیس معیشت کے اہداف کو مقررہ مدت میں حاصل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ایک کروڑ ڈیجیٹل والٹس بنائے جا چکے ہیں جو اس ماہ کے آخر تک مکمل فعال ہو جائیں گے۔ بجلی اور گیس کے بلز کی ادائیگی کے لیے QR کوڈز متعارف کرائے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں سرکاری خدمات کے لیے موبائل ایپ کو راسٹ سسٹم سے جوڑ دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان کو دنیا کے ساتھ قدم ملا کر چلنے کے لیے ڈیجیٹل معیشت کی طرف تیزی سے بڑھنا ہوگا۔


