89

حکومت ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کرے، الطاف شکور

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کےچیئرمین الطاف شکورنےکراچی اور دیگر شہروں میں ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز اور اموات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہریوں کو اس مہلک بیماری سے بچانے کے لیے فوری اور ہنگامی اقدامات کرے۔اسپتالوں میں خصوصی ڈینگی وارڈز قائم کیے جائیں اور متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگائے جائیں۔ شہر بھر میں مچھروں کی افزائش کو کم کرنے کے لیے فوری طور پر اسپرے مہمات شروع کی جائیں۔ تمام سرکاری اسپتالوں اور ڈسپنسریوں میں ڈینگی کے ٹیسٹ اور علاج کی سہولتیں مفت فراہم کی جائیں۔ شہر سے کوڑا کرکٹ فوری طور پر اٹھایا جائے اور بند گٹروں کو کھولا جائے تاکہ صفائی کی صورتحال بہترہوسکے۔ صوبائی اور بلدیاتی حکومتیں اپنے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں تاکہ ڈینگی، ملیریا اور دیگر وبائی امراض کے پھیلاؤ کو ہنگامی بنیادوں پر روکا جا سکے۔ ہر سال ڈینگی کے تدارک کے لیے مستقل نوعیت کے اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایاجاسکے۔پاسبان اسٹیئرنگ کمیٹی کی میٹنگ میں، تیزی سے بڑھتے ڈینگی و ملیریا کیسز پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ ڈینگی اب ہماری زندگی کا ایک معمول بن چکا ہے۔ ہر سال ستمبر سے دسمبر کے درمیان ہزاروں کیسز رپورٹ ہوتے ہیں اور حکومت اس حقیقت سے بخوبی واقف ہونے کے باوجود بروقت حفاظتی اقدامات نہیں کرتی۔ اس سال ڈینگی کے پھیلاؤ کی رفتار بہت تیز ہے اور تقریباً ہر خاندان اس سے متاثر ہے۔ ڈینگی کے ساتھ ساتھ ملیریا اور دیگر وبائی امراض میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ابلتے ہوئے گٹر، لیک ہوتی پانی کی لائنیں اور صفائی کی ناقص صورتحال ان امراض کے پھیلاؤ کا بڑا سبب ہیں۔ حکومت ڈینگی کے حقیقی اعداد و شمار جاری نہیں کرتی، لیکن اطلاعات کے مطابق ہزاروں شہری اس بیماری میں مبتلا ہیں اور کئی اموات بھی ہو چکی ہیں۔ سرکاری و نجی دونوں اسپتال ڈینگی کے مریضوں سے بھرے ہوئے ہیں جبکہ محکمہ صحت تاحال غفلت کی نیند سو رہا ہے-

اپنا تبصرہ بھیجیں