مظفر آباد(ایچ آراین ڈبلیو)ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں وزارتِ عظمیٰ کے ممکنہ امیدوار چوہدری یاسین کو بیرسٹر گروپ کی حمایت حاصل ہونے کے قوی امکانات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے اہم رہنما کا بیرسٹر گروپ سے رابطہ ہوا ہے، جس کے بعد گروپ نے چوہدری یاسین کو ووٹ دینے پر اپنی آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ تاہم، گروپ نے واضح کیا ہے کہ تمام معاملات ٹیبل پر طے کیے جائیں گے۔
معلومات کے مطابق، بیرسٹر گروپ کو اہم وزارت ملنے کا بھی امکان ہے۔ گروپ نے شرط رکھی ہے کہ چوہدری یاسین حلقہ جاتی امور میں مداخلت نہیں کریں گے اور سیاسی معاملات میں ایک دوسرے کے لیے رکاوٹ پیدا نہیں کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پی پی پی قیادت جلد وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار پر حتمی فیصلہ کرے گی، جبکہ پارٹی کے اندرونی اختلافات کے باوجود مفاہمت کی کوششیں جاری ہیں۔


