لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے زور دے کر کہا ہے کہ صحافیوں کے خلاف جرائم پر سزا سے استثنیٰ جمہوریت کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کا تحفظ ہر ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور آزادی صحافت پر حملہ درحقیقت عوام کے حق معلومات پر حملہ ہے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستانی صحافی مشکل حالات میں سچائی کی آواز بنے ہوئے ہیں۔ ان کے تحفظ کے موجودہ قوانین کو مزید مستحکم کرنے اور ان پر مؤثر عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے وفاق اور صوبوں کو مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ایم کیو ایم صحافیوں کے تحفظ کے لیے ایوانوں کے اندر اور باہر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔


