لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے بھر میں وال چاکنگ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ دیواروں کی صفائی اور شہروں کی خوبصورتی کے لیے ایک تاریخی بیوٹیفکیشن منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں 132 بیوٹیفکیشن سکیموں کی منظوری دی ہے جن پر ساڑھے 16 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔ یہ منصوبے پنجاب کے 39 اضلاع میں مکمل کیے جائیں گے۔
حکومتی ترجمان کے مطابق 122 سکیموں پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
منصوبے کے تحت بے ہنگم تجاوزات کو خوبصورتی میں ڈھالا جائے گا، دیواروں پر موجود وال چاکنگ ختم کرکے انہیں صاف اور دیدہ زیب بنایا جائے گا۔
حکام کے مطابق لاہور، بہاولپور، ڈی جی خان، سرگودھا، گجرات، فیصل آباد اور راولپنڈی میں بیوٹیفکیشن سکیمیں آئندہ جون تک مکمل کی جائیں گی۔
ملتان میں منصوبے کی تکمیل کی مدت نومبر جبکہ گوجرانوالہ میں دسمبر کے آخر تک مقرر کی گئی ہے۔
ساہیوال میں بیوٹیفکیشن کی 24 سکیمیں اگلے مارچ تک مکمل کر لی جائیں گی۔
بیوٹیفکیشن منصوبوں کے تحت شہروں کی سڑکوں اور بازاروں کو جدید انداز میں اپ گریڈ کیا جائے گا، ٹف ٹائلز نصب کی جائیں گی، اور مرکزی بازاروں کو خوشنما اور جاذب نظر بنانے کے لیے اپ لفٹنگ کی جائے گی۔
اسی طرح مختلف شہروں میں قدیمی دروازوں اور روایتی بازاروں کی ری ماڈلنگ کے ذریعے انہیں تاریخی مگر جدید انداز میں خوبصورت شکل دی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق یہ اقدام پنجاب کو صاف، خوبصورت اور جدید شہروں کا صوبہ بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے، جس سے شہری ماحول میں نہ صرف صفائی اور خوبصورتی بڑھے گی بلکہ ثقافتی ورثے کی بحالی بھی ممکن ہوگی۔


