کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ای چالان سسٹم کے آغاز کے بعد چار روز کے دوران ہیوی گاڑیوں کے 416 چالان کیے گئے ، سب سے زیادہ چالان تیز رفتاری اور سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جدید ای چالان سسٹم کے آغاز کے بعد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
صرف چار روز کے دوران ہیوی گاڑیوں کے 416 چالان کیے گئے، جن کی مجموعی مالیت 81 لاکھ 60 ہزار روپے بنتی ہے۔
ٹریفک پولیس ذرائع نے بتایا کہ سب سے زیادہ چالان تیز رفتاری اور سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر کیے گئے جبکہ تیز رفتاری کے 297 جبکہ سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر 111 چالان جاری ہوئے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ای چالان سسٹم کے پہلے چھ گھنٹوں کے دوران صرف 6 ہیوی گاڑیوں کے چالان ہوئے، جن میں واٹر ٹینکرز اور آئل ٹینکرز شامل تھے۔ اسی دوران سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر 3 ٹرکوں کے چالان بھی کیے گئے۔


