مٹھی (ایچ آراین ڈبلیو ) ایس ایس پی تھرپارکر محمد شعیب میمن نے کہا ہے کہ تھرپارکر ایک پُرامن ضلع ہے اور بھائی چارے کی بہترین مثال ہے، اس فضا کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
ایس ایس پی تھرپارکر جناب محمد شعیب میمن صاحب نے ایس ایس پی آفس مٹھی میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ تھرپارکر میں ہندو اور مسلمان بھائیوں کی طرح رہتے ہیں، یہاں کا امن و امان اور رواداری پورے ملک کے لیے ایک مثال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن قائم رکھنے اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور جو بھی قانون کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا تعلق بھی تھرپارکر سے ہے اور میں بھرپور کوشش کروں گا کہ ہر معاملے کی مکمل تحقیقات کر کے اسے شفاف انداز میں حل کیا جائے۔ اجلاس میں صحافیوں کے ساتھ پولیس کے مختلف معاملات پر تفصیلی بات چیت بھی ہوئی۔
ایس ایس پی صاحب نے اس موقع پر کہا کہ تھرپارکر کی میڈیا نے ہمیشہ سچائی کا ساتھ دیا ہے اور عوامی مسائل کی نشاندہی کی ہے۔ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے میڈیا کا تعاون ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سماجی برائیوں کے خاتمے اور عوام کے جائز مسائل کو بروقت حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو انصاف ملے اور عوام و پولیس کے درمیان اعتماد اور رابطہ مزید مضبوط ہو۔
ایس ایس پی صاحب نے بتایا کہ ضلع کے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ عوام کی شکایات سن کر فوری حل کریں۔ جس افسر کی کارکردگی ایک ماہ کے اندر تسلی بخش نہ ہوئی، اسے تبدیل کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں منشیات اور جرائم کے خاتمے کے لیے تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔


