اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) ایس پی عدیل اکبر کی مشکوک موت کے حوالے سے ان کی میڈیکل رپورٹ اور دیگر انکشافات سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایس پی عدیل اکبر کا ڈینگی ٹیسٹ پوزیٹو آیا تھا جس پر انہیں 20 اکتوبر کو تین روزہ میڈیکل چھٹی دی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق ان کا بیرون ملک یونیورسٹی میں داخلہ ہو چکا تھا اور وہ اسکالرشپ کے لیے تیاری کر رہے تھے۔
واقعے کے وقت گاڑی میں موجود آپریٹر کے مطابق، عدیل اکبر نے اچانک گن مانگی اور میگزین لوڈ کرنے کے بعد حادثاتی فائر ہوا جو ان کے ماتھے سے ہو کر نکل گیا۔
آئی جی اسلام آباد نے تصدیق کی کہ آپریٹر اور ڈرائیور حراست میں ہیں جبکہ عدیل اکبر کی موبائل کالز اور آخری دنوں کی حرکات کی تفتیش جاری ہے۔ ان کی تدفین ان کے آبائی گاؤں میں ہو چکی ہے۔


